بلدیاتی اداروں کو انتظامی طور پر بااختیار بنایا جائے ، حاجی نور الٰہی

233

 

 

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2021 ء آئین سے متصادم اور بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی طور پر بے اختیار کرنے کا بل ہے جماعت اسلامی اس عوام دشمن کالے قانون کو مسترد کرتی ہے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل واپس لیکر بلدیاتی اداروں کو مالی وانتظامی طورپر بااختیار بنایا جائے۔سندھ حکومت کے اس کالے قانون،آئین شکن اور عوام دشمن فیصلے کے خلاف جماعت اسلامی بھرپور تحریک چلائے گی ۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی میرپورخاص کے امیر حاجی نورالہی مغل نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2021کے خلاف امیر صوبہ محمد حسین محنتی کی اپیل پر جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت مدینہ مسجد چوک پر منعقدہ بڑے عوامی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے سیکرٹری جماعت اسلامی میرپورخاص محمد رفیق چوہان اورظفر اقبال مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔مظاہرے میں عوام اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی جو کہ سندھ حکومت کی غیر آئینی قانون سازی کے خلاف شدید نعرے لگارہے تھے۔ حاجی نور الہی مغل کا مزید کہنا تھا کہ آئین کی شق نمبر-A 140میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ بنانے کا مقصد منتخب نمائندوں کو سیاسی،انتظامی اور مالی طور اختیارات منتقل کرنا ہے۔ترقی یافتہ ممالک میں ملک کی تعمیر وترقی اورعوام کی خوشحالی کا دارو مدار بلدیاتی اداروں کی سہولیات کی بہتر انداز میں فراہمی پرمنحصر ہوتا ہے مگربدقسمتی سے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2021 کے ذریعے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے اس طرح کے قوانین سے جمہوریت کومفلوج بنایا جا رہا ہے۔ ہم اس حوالے سے عوامی وقانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔