ٹنڈوالٰہیار، الخدمت اسپتال کا ایک روزہ مفت طبی کیمپ

157

 

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)الخدمت اسپتال ٹنڈوالٰہیار کی جانب سے ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہر امراض ڈاکٹر محمد حامد علی نے کیمپ میں آنے والے مر یضوں کا مفت معائنہ کیا اور مر یضوں کو ادویات بھی فراہم کیں۔ اس موقعے پر الخد مت اسپتال کے ایڈ منسٹریٹر محمدیونس قائم خانی نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن بلا تفریق رنگ و نسل انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے آج الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے الخدمت اسپتال ٹنڈوالٰہیار میں سردرد، مرگی، فالج، عرق النسا بچوں کی دماغی کمزوری، سر میں پانی اور پیدائشی کمر میں پھوڑے کے مریضوں کے لیے ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مریضوں کا مفت چیک اپ کیا گیا اور مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں جبکہ کیمپ کے دورے کے دوران امیرِ جماعت اسلامی عبدالوحید قائم خانی اور ڈاکٹر محمد حامد علی کا کہنا تھا کہ بدلتے موسم میں سر درد، کمر درد وغیرہ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی حوالے سے الخدمت اسپتال ٹنڈوالٰہیار میں شہریوں کے لیے مفت طبی کیمپ اور مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ تا کہ لوگوں کو ریلیف دیا جائے۔ اور لوگوں کے لیے آسانی پیدا کی جائے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد حامد علی نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگ دوائیاں خریدنے سے قاصر ہیں۔ الخدمت فائونڈیشن کا یہ بروقت اقدام انتہائی خوش آئند ہے کہ مریضوں کے مفت چیک اپ کے ساتھ مریضوں کو مفت دوائیاں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ کیمپ میں معائنہ کروانے والے افراد کا کہنا تھا کہ الخدمت اسپتال کی انتظامیہ کے مشکور ہیں کہ جن کی وجہ سے عام لوگوں کو اتنی اچھی سہولیات میسر ہیں۔