لاڑکانہ ،بلدیہ ملازمین کا احتجاج ،وزیربلدیات کا علامتی جنازہ نکالا

231

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) بلدیہ ملازمین کا تنخواہیں آن لائن نہ کرنے کے خلاف پانچویں روز بھی دفاتر کی تالہ بندی کر کے کام چھوڑ کر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، رتودیرو میں میونسپل ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے وزیر بلدیات کا علامتی جنازہ نکال کر ریلی نکالی اور احتجاجی مظاہرہ کیا، تنخواہیں مینوئل طریقے سے دیے جانے کے خلاف اور ٹریژری کے ذریعے دینے کے مطالبے کو لے کر بلدیہ ملازمین نے پانچویں روز بھی لاڑکانہ، باقرانی، رتودیرو، ڈوکری اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج جاری رکھا، رتودیرو میونسپل ملازمین کی جانب سے شاہ لطیف لوکل گورنمنٹ ایمپلائز یونین کی مرکزی اپیل پر بلدیہ ملازمین نے میونسپل کمیٹی سے صوبائی وزیر کے علامتی جنازے کے ساتھ ریلی نکالی اور اولڈ بس اسٹینڈ پر ٹائر نذر آتش کر کے دھرنا دیا۔اس موقع پر عبدالغفار میمن، سید عرفان حیدر، خلیل الرحمن ودیگر کا کہنا تھا کہ پانچ روز سے بلدیہ ملازمین سراپا احتجاج ہیں آن لائن ٹریژری تنخواہوں کے اجرا کا مطالبہ منظور کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔