خصوصی افرادہمارے معاشرے کاقیمتی اثاثہ ہیں ،سردار گڈانی

165

سکھر( نمائندہ جسارت)اسپیشل افراد بھی ہمارے معاشرے کا ایک اہم اور قیمتی اثاثہ ہیں، معذور لوگوں کو کسی بھی صورت میں کمتر یا بیکار نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ ضلع گھوٹکی سردار احمد گڈانی نے میرپور ماتھیلو میں عالمی یوم معذورافراد کے موقع پر محکمہ سوشل ویلفیئر ضلع گھوٹکی اور این جی اوز ریڈز پاکستان ضلع گھوٹکی اور الکھ میرپور ماتھیلو کے زیر اہتمام منعقدہ ایک واک اور سیمینار سے خطاب کرتے کیا۔ واک کا آغاز ڈان پبلک اسکول میرپور ماتھیلو سے ہوا اور الکھ این جی او آفس پراختتام پذیر ہوئی۔ سوشل ویلفیئر آفس میںسیمینار منعقد ہوا۔اس پروگرام کے مہمان خصوصی سردار احمد گڈانی ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ضلع گھوٹکی تھے۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہمارے معذور بہن بھائیوں اوربچوں کو خاص اہمیت دے رہی ہے ان کے لیے ملازمتوں کا بھی الگ کوٹہ مختص کیا گیا ہے، ہم حکومتی اداروں کو اور خاص طور صنعتی اداروں سے اپیل کرتے ہیںکہ معذور افراد کو نوکریوں میں حصہ د یں اور ان کی ہر سطح پر مدد و تعاون کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع گھوٹکی میں بہت سے صنعتی ادارے کام کر رہے ہیں ان کو چاہیے کہ معذور افراد کو میڈیکل سہولیات وہیل چیئرز کی امداد فراہم کریں اور تنگدست معذوروں کی باقائدگی سے کفالت کریں۔سردار احمد گڈانی نے ضلع گھوٹکی کے معذور افراد سے مخاطب ہو کر کہا ہے آپ کبھی دل برداشتہ نہ ہوں اللہ کی تخلیق پر اللہ کا شکر ادا کریں، اللہ کے فیصلوں میں برکت اور حکمت ہوتی ہے اور ہم بھی اپنی وسعت کے مطابق آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے جی ایچ کیو اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جو ڈس ایبلڈ سرٹیفکیٹ کمیٹی کے ضلعی چیئرمین بھی ہیں ان سے اپیل کی کہ وہ معذور افراد کو بغیر کسی تکلیف کے ڈس ایبل سرٹیفکیٹ دلوانے کی کوشش کریں۔ پروگرام کے میزبان صفدر حسین سومرو اسسٹنث ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر میرپور ماتھیلو ریڈز پاکستان کے محمد اطہر ،صابر گڈانی الکھ کے شبیر گبول اور مقررین نے بھی اپنے خطاب میں معذور ادفراد کے حقوق پر روشنی ڈالی۔