ایس ایچ اوز نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرائیں،اسد علی چودھری

262

میرپور خاص( نمائندہ جسارت) کیپٹن (ر) اسد علی چودھری کی جانب سے ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز صاحبان کا اجلاس طلب کیا گیا، جس میں جرائم اور امن وامان کے حوالے سے احکامات اور اہم ہدایات جاری کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسد علی چودھری نے کہا کہ کسی تھانے کی حدود سے جوا، منشیات،گٹکا مین پوری، دیسی شراب کی فروخت کی شکایات موصول ہوئیں تو متعلقہ ایس ایچ اوز کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔تمام ایس ایچ اوز کو اپنے حدود میں شر پسند افراد پر کڑی نظر رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی۔ پیٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ کو مزید مؤثر بنائیں، جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی کے ساتھ کام کریں، اشتہاری و مفرور ملزمان کے خلاف کاروائیاں تیز کی جائیں اور زیادہ سے زیادہ اشتہاری و مفرور ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے،نیشنل ایکشن پلان پر تمام ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں سختی سے عمل درآمد کروائیں۔ ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن (ر) اسد علی چودھری نے گٹکے، مین پوری کی مبینہ فروخت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گٹکا و مین پوری کی مبینہ فروخت، اسٹریٹ کرائمز اور تمام جرائم کے خاتمے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔