بھٹائی کالونی : 65 فٹ روڑ پر گھر الاٹ کیس‘ریونیو بورڈ سے جواب طلب

308

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے بھٹائی کالونی میں 65 فٹ روڑ پر گھر الاٹ کرنے کے خلاف درخواست پر بورڈ آف ریونیو سے جواب طلب کرلیا۔ہائیکورٹ میں بھٹائی کالونی میں 65 فٹ روڑ پر گھر الاٹ کرنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کورنگی کریک بلاک ڈی بھٹائی کالونی میں 65 فٹ روڑ ہے۔ بورڈ آف ریونیو نے 65 فٹ روڑ پر 8 پلاٹ نکال دیے ہیں، 65 فٹ روڑ پر پلاٹ نمبر ڈی 842 تا 855 غیر قانونی قرار دیے جائیں۔ عدالت نے کورنگی کریک، کمشنر کراچی و دیگر سے بھی 22 دسمبر تک جواب طلب کرلیا۔علاوہ ازیںسندھ ہائیکورٹ نے نارتھ ناظم آباد بلاک ایف میں کے ڈی اے اراضی پر ورکشاپ چلانے کے کیس میں کے ڈی اے سے 13 جنوری تک جواب طلب کرلیا۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ پلاٹ نمبر ایس بی تھری ون 313 اسکوائر یارڈ کے ڈی اے کی اراضی ہے، جہاں گاڑیوں کی ورکشاپ چلائی جا رہی ہے، مبہم جواب جمع کرانے پر عدالت نے کے ڈی اے وکیل پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کے ڈی اے وکیل سے استفسار کیا یہ زمین کس کی ہے؟ کے ڈی اے وکیل جواب دینے سے قاصر رہے، وکیل کے ڈی اے نے موقف دیا کہ مجھے مہلت دے دی جائے۔ عدالت نے کے ڈی اے سے 13 جنوری تک جواب طلب کرلیا۔