منگھوپیر میں پولیس ‘واٹر بورڈافسران کی ملی بھگت سے سرکاری اراضی پر قبضہ

181

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عدالت عظمیٰ کے احکامات اور حکومتی اقدامات کے باجود پاکستان کے معاشی حب کراچی میںقیمتی سرکاری اور نجی اراضی پر ناجائز قبضہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ شہرقائد کے مضافاتی علاقے منگھوپیرمیں واٹربورڈکالونی میں مبینہ طور پرلینڈمافیا نے سرکاری بائونڈری گرا کرواٹربورڈ کی کروڑوں روپے مالیت کی پندرہ ایکڑ سے زائد زمین پر قبضہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لینڈمافیا کو مبینہ طور پر علاقہ پولیس اور واٹربورڈ کے افسران کی پشت پناہی حاصل ہے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ لینڈ مافیا کے کارندے عالم گل پٹھان،آصف بروہی ،احمد بروہی،افضل پٹھان اور ستار بروہی سرکاری زمینوں پر قبضہ کرکے پلاٹ افغان باشندوں کو فروخت کررہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹربورڈ کے افسران ایکسیئن واحد شیخ،انجینئر امتیاز آفریدی،اے ڈبلیو ای اعجاز عالم اور مظہر شاہ نے بھاری رشوت کے عوض لینڈمافیا کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جبکہ منگھوپیر تھانے کی پولیس قانونی کارروائی کرنے کے بجائے مبینہ طور پر لینڈمافیا کی سرپرستی کرکے اپنا حصہ وصول کررہی ہے۔علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کو کئی بار شکایت کرنے کے باوجود لینڈمافیا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ قیمتی سرکاری و نجی زمینوں پر ناجائز قبضے کے خلا ف آواز اٹھانے پر لینڈمافیا کے مسلح کارندے لوگوں کو زدو کوب کرتے ہیں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ ،آئی جی پولیس ، واٹربورڈ اوردیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں لینڈمافیا اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔انہو ںنے کہا کہ سرکاری املاک کا تحفظ یقینی اور علاقے کے مکینوں کو آئے روز کی دھونس ودھمکیوں اور مارپیٹ سے نجات دلائی جائے۔