سندھ حکومت بلدیاتی اداروں کو محروم کرنا چاہتی ہے‘ حسین محنتی

278
میر پورخاص: بلدیاتی ترمیمی بل کیخلاف احتجاج کیا جارہا ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جمہوریت کے دعویدار حکمران طاقت کے بل پر آئین شکن اور مفاد عامہ کے برعکس بلدیاتی قانون سازی کرکے آئین کی خلاف ورزی اور بلدیاتی اداروں کو اپنے حقوق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں۔جس سے کرپشن کے نت نئے دروازے کھلنے کا اندیشہ اور عوام کے حقوق پر ڈاکا مارنے کے مترادف ہے۔ کراچی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک کی تعمیر و ترقی اور عوامی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ سندھ حکومت کے اس آئین شکن اور عوام دشمن فیصلے کے خلاف ہر فورم پر جنگ لڑی جائے گی۔جماعت اسلامی سندھ کے تحت صوبائی حکومت کے پاس کردہ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2021ء کے خلاف سندھ بھر میں جمعہ کو یوم سیاہ منایا گیا۔ اس سلسلے میں کراچی ،حیدرآباد، لاڑکانہ، میرپور خاص سمیت متعدد شہروں میں مظاہرے ہوئے، جن سے صوبائی ضلعی و مقامی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی ترمیمی بل واپس لیا جائے اور دیگر سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے مفاد عامہ و آئین کے مطابق بلدیاتی اداروں کو مالی و انتظامی طورپر بااختیار بنانے کی قانون سازی کی جائے۔ ہیر آبادحیدرآباد میں جامع مسجد قباکے باہر مظاہرے سے ضلعی امیر عقیل احمد خان، سانگھڑ پریس کلب پر مظاہرے سے ظہیر الدین بابر جتوئی، میرپورخاص میں مدینہ مسجد شاہی بازار پر مقامی امیر حاجی نور الٰہی مغل، لاڑکانہ باقرانی روڈ ٹاور پر مظاہرے سے صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ، قاری ابوزبیرجکھرو ٹھٹھہ، گھارو اور جھرک میں احتجاجی مظاہروں سے ضلعی امیر الطاف احمد ملاح ودیگر نے خطاب کیا۔