نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اول ترجیح ہے، وزیراعظم

449

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اول ترجیح ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت نیشنل اسپورٹس پالیسی انتظامی ڈھانچے کی ازسرِ نو تشکیل پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پالیسی پر صوبوں سے مشاورت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم  عمران خان نے جاری منصوبوں پر کام معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، مقامی سطح پر کھیلوں میں شرکت کو یقینی بنا کر با صلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ ریگولیٹر کے طور پر کام کرے گا، پاکستان اسپورٹس بورڈ نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا، ملک میں کھیلوں میں نواجوانوں کی شرکت بڑھنے سے کھیلوں کا معیار بہتر ہوگا۔

اس سے قبل بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کا آئینی مسودہ تیار ہے، بورڈ اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران کی تعداد کو محدود رکھا گیا ہے، کھیلوں کے فروغ اور مثبت مقابلے کی فضا کے قیام کا خاص خیال رکھا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ میں کہا گیا کہ آئین کے تحت ادارے کا نیا انتظامی ڈھانچہ بھی تیار کیا گیا ہے، نیا آئینی مسودہ سی سی ایل سی سے منظور ہوچکا ہے، مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کے لیے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

بریفنگ کے مطابق صوبوں سے تعاون و روابط بڑھا کر کھیلوں کی سرگرمیاں بڑھائی جائیں گی، صوبے مقامی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور کلبز و ایسوسی ایشنز کو سہولیات فراہم کریں گے۔