منی بجٹ گزشتہ حکومت کا وعدہ پورا کرنے کیلیے لا رہے ہیں، مزمل اسلم

331

اسلام آباد (آئی این پی) ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ منی بجٹ ٹیکسز کی وصولیوں کیلیے پیش نہیں کر رہے، اس لیے پیش کر رہے ہیں کہ ماضی میں ریاست نے وعدے کیے کہ اسٹیٹ بینک کو خود مختار بنایا جائے گا اور ٹیکسز سے استثنا کو ختم کیا جائے گا، جبکہ ان وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا، منی بجٹ پیش کرنے کا مقصد آئی ایم ایف پروگرام کے تحت کیے گئے وعدوں کی تکمیل ہے۔ ترجمان وزارت خزانہ نے نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں حکومتوں نے اسٹیٹ بینک کو خود مختار بنانے اور ٹیکسز سے استثنا ختم کرنے کیلیے کوئی کردار ادا نہیں کیا، ملک میں اس وقت کوئی بحرانی صورتحال نہیں ہے، معیشت کی گروتھ بڑھ رہی ہے اور استحکام پیدا ہو رہا ہے، حکومت مہنگائی کے بحران سے بہت جلد نکل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اضافے کی وجہ سے 6 ماہ میں حکومتیں دیوالیہ ہو جایا کرتی تھیں لیکن موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔ ماضی میں ٹیکس اہداف پیچھے رہ جانے کی وجہ سے منی بجٹ لائے جاتے تھے۔ 2008ء سے 2018ء تک منی بجٹ آتے رہے ہیں۔