اسرائیلی نجی کمپنی کی غیر اخلاقی سرگرمیاں جاری ، امریکی وزارت خارجہ حکام کے فونز ہیک کرلیئے

322

اسرائیلی نجی جاسوس ادارے این ایس او کی غیر اخلاقی سرگرمیاں جاری ، امریکی وزارت خارجہ حکام کے فونز ہیک کرنے کا انکشاف ۔چند روز قبل ایپل موبائل کمپنی نے اسرائیل سے چلنے والے اسپائی ویئر پر مقدمہ بھی دائر کیا ہے

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے اس معاملے سے واقف چار نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی جاسوسی فرم گروپ کے اسپائی ویئر کا استعمال کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے کم از کم 9 حکام کے فون ہیک کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہیکنگ نے یوگنڈا میں مقیم امریکی حکام کے آئی فونز کو نشانہ بنایا جن پر ملک سے متعلق مسائل پر کام جاری تھا۔

تاہم اس بات کا ابھی تک تعین نہیں ہوسکا ہے کہ سائبر حملوں میں کون اشخاص ملوث ہیں۔

رائٹرز نے یہ انکشاف جمعرات کو کیا تھا تاہم اس کی تصدیق آج امریکی نشریاتی ادارے  واشنگٹن پوسٹ نے بھی کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اصل میں 11 امریکی حکام کے ایپل آئی فونز کو ہیک کیا گیا تھا.

واضح رہے کہ اسرائیلی فرم نے اس سال کے شروع میں اس وقت عالمی سطح پر غم و غصے کو جنم دیا جب بین الاقوامی میڈیا آؤٹ لیٹس کی ایک تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اس کے اسپائی ویئر کو سیکیورٹی فورسز اور آمرانہ حکومتیں کئی ممالک میں صحافیوں اور کارکنوں کے خلاف استعمال کرتی ہیں۔