ویکسین نہ لگوانے والے جرمن میں داخل نہیں ہو سکیں گے

362

برلن:جرمنی میں ویکسین نہ لگوانے والے افراد اسٹورز، ثقافتی اور تفریحی مقامات میں داخل نہیں ہو سکیں گے، اس کا فیصلہ جرمن ریاستوں اور وفاق کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں کیا گیا۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ تمام 16 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ویکسین نہ لگوانے افراد کو مختلف پابندیوں کا سامنا کرنا ہو گا اور ایسے افراد اسٹورز، ثقافتی اورتفریحی مقامات میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

اس فیصلے کا اعلان جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اجلاس کے بعد کیا۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا جب جرمنی میں ایک دن میں 70 ہزار سے زائد افراد میں کورونا انفیکشنز کی تشخیص ہوئی ہے۔

 رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں نئی انفیکشنز کی تعداد 73,209 تھی۔فیصلے کی ضرورتچانسلر میرکل نے کہا کہ ملک ایک انتہائی پریشان کن صورت حال کا سامنا کر رہا ہے اور یہ اقدامات ملکی یک جہتی کے لیے ضروری ہیں۔ 

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اسکولوں میں ماسک پہننا لازمی رہے گا۔اس کے علاوہ افراد کے جمع ہونے کی حد بھی کم کر دی گئی ہے۔ میرکل کا یہ بھی کہنا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک 30 ملین کورونا ویکسین خوراکیں لگائی جائیں گی۔

انگیلا میرکل نے اس متنازعہ تجویز کی تائید کی کہ ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا جائے۔ ان کے مطابق اس تجویز پر پارلیمنٹ میں قانون سازی کے لیے بحث کی جائے گی۔ اگر یہ قانون منظور ہو گیا تو اس کا نفاذ اگلے برس فروری سے ہو جائے گا۔