مختلف شہروں میں دھند کے باعث موٹروے بند

292

لاہور:حکومت کے اقداما ت کے باوجود صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف مقامات پر ایئر کوالٹی انڈیکس بہتر نہ ہو سکا ۔

محکمہ تحفظ ماحولیات کے جاری کردہ ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق ٹائون ہال کے علاقے میں ائیر کوالٹی انڈیکس212ریکارڈ کیا گیا ،ٹائون شپ سیکٹر ٹو میں ائیر کوالٹی انڈیکس 230،ڈی ایچ اے فیز viii بذریعہ موبائل وین 345ریکارڈ کیا گیا۔ 

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس 321،فیصل آباد میں 198،راولپنڈی میں ائیر کوالٹی انڈیکس 172 اوررحیم یار خان میں ائیر کوالٹی انڈیکس 172 ریکارڈ کیا گیا۔ 

محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق تمام ڈیٹا چوبیس گھنٹے کی بنیادپر مرتب کیا گیا ہے۔ 

دوسری جانب مختلف شہروں میں دھند کے باعث صبح کے اوقات میں سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا رہا ۔

 حدنگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے موٹروے کو مختلف مقامات پر دھند کے باعث بند کردیا گیا ۔ ایم فائیو شیرشاہ انٹرچینج سے رکن پور تک موٹروے بند رکھی گئی،اسی طرح ایم ون پشاور ٹول پلازا سے صوابی انٹرچینج تک دھند کے باعث موٹروے بند رکھا گیا،ایم فور شیرشاہ انٹرچینج سے عبدالحکیم اورسوات ایکسپریس وے بھی حدنگاہ صفر ہونے پر بند کردی گئی ۔حد نگاہ بہتر ہونے پر قومی شاہراہوں کو مرحلہ وارکھولاجاتارہا ۔