لاہور ضمنی انتخابات: پولیس نے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی

342

لاہور: پولیس نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 میں ہونے جارہے ضمنی انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے تشکیل کردہ سکیورٹی پلان کے مطابق مربوط حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے سکیورٹی انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام پولنگ اسٹیشنز کے عملے اور حق رائے دہی کے لئے آنے والے شہریوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا۔

سکیورٹی پلان کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز لاہور کی زیرنگرانی لاہور پولیس کے چھ ایس پیز،14 ایس ڈی پی اوز،44 ایس ایچ اوز سمیت دو ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ضمنی انتخابات کے موقع پر فرائض سرانجام دیں گے۔علاوہ ازیں ڈولفن سکواڈ و پولیس ریسپانس یونٹ کی 52 جبکہ کوئیک ریسپانس فورس کی سات ٹیمیں پولنگ سٹیشنز کے گرد ونواح میں مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔

فیاض احمد دیو نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز پر جاری سرگرمیوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔سی سی پی او لاہور نے ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کو پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی انتظامات کو اپنی سپرویڑن میں چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ووٹرز کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی پولنگ سٹیشنز میں داخلے کی اجازت دی جائے۔پولنگ سٹیشنز کے اطراف میں بلند عمارتوں پر سنائپرز مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں۔

پارکنگ اور پولنگ کیمپ پولنگ اسٹیشنز سے دور بنایا جائے نیز حفاظتی حصار، میٹل ڈیٹیکٹرز، واک تھرو گیٹس،بیرئیرز اور خاردارتاروں سمیت دیگر لوجسٹک کو یقینی بنایا جائے۔یاد رہے کہ ضمنی الیکشن این اے 133 کیلئے 254 پولنگ اسٹیشنز قائم کئی گئے ہیں جن میں اے کیٹیگری کے 22،بی کیٹیگری کے 198 جبکہ سی کیٹیگری کے 34 پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔

مردوں اور خواتین کے کیلئے علیحٰدہ علیحٰدہ 200 جبکہ 54مخلوط پولنگ اسٹیشنز بھی قائم کئے گئے ہیں، گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار وویمن ٹاؤن شپ میں سپشل کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔