سکھر میں سب رجسٹرار تعینات نہ ہونا حکومتی نا اہلی ہے،جاوید میمن

230

سکھر( نمائندہ جسارت) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ دو ماہ سے سکھر میں سب رجسٹرار تعینات نہ ہونا حکومت اور انتظامیہ کی بدترین نااہلی ہے۔ سب رجسٹرار نہ ہونے کی وجہ سے پراپرٹی رجسٹریشن کیلیے شہریوں کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے، خرید و فروخت کے معاملات طے ہونے کے بعد صرف رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے فریقین میں تنازعات بھی جنم لے رہے ہیںجس سے شہریوں اور پراپرٹی کے کاروبار سے منسلک افراد میں تشویش پائی جاتی ہے حکومت سندھ فوری طور پر سکھر میں سب رجسٹرار کی تعینات کو یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حاجی محمد جاوید میمن کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے یہاں ایسے افرد کی اکثریت موجود ہے جنہوں نے اپنے بچوں کی تعلیم،کاروبار، شادیوں، کے اخراجات کیلیے پراپرٹی فروخت کرنے کا سودا کیا ہوا ہے اور رجسٹرار کی عدم تعیناتی کی وجہ سے فریقین میں رقم کے لین دین کا سلسلہ بھی تاخیر کا شکار ہے،جس کے باعث بیشتر افراد اپنا کاروبار کرنے اور بچوں کی تعلیم، شادیوں کے اخراجات کو پورا کرنے کیلیے بھی شدید پریشانی دکھائی دے رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ سکھر سندھ کا تیسرا بڑا شہر ہے اور پراپرٹی اور شعبہ تعمیرات سے ہزاروں افراد منسلک ہیں۔ رجسٹریاں نہ ہونے کی وجہ سے پراپرٹی کے قبضوں اور تعمیراتی کام میں تاخیر کی وجہ سے روز کما کر کھانے والے افراد کے روزگار پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ و دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سکھرمیں سب رجسٹرار کی تعیناتی کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کی پریشانیوں اور پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔