حیدرآباد، سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کیلیے کھلی کچہری

102

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سرکاری ملازمین کے جی پی فنڈز ، ریٹائرمنٹ ، ایل پی آر ، پنشن سمیت دیگر مسائل کے حل کیلیے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس ٹنڈو محمد خان میں صوبائی محتسب اعلیٰ کے نمائندے عبدالوہاب میمن ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ حیدرآباد کے زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر منیر احمد شیخ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر غلام حیدر ، اکاؤنٹنٹ نظام الدین ، غلام قادر میمن ، سلیم ہالیپوٹہ، سید ذوالفقار شاہ ، ولی محمد پنھور ، عادل میمن اور علی حسن میمن سمیت دیگر موجود تھے۔ کھلی کچہری میں مختلف سرکاری ملازمین نے اپنے مسائل پیش کیے، جبکہ ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ حیدرآباد عبدالوہاب میمن نے مسائل سننے کے ساتھ ساتھ نئی درخواستیں بھی وصول کیں اور ملازمین کے مسائل کے حل کیلیے فوری پر ہدایات دیں۔ اس موقع پرریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ عبد الوہاب میمن نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس ٹنڈو محمد خان کے خلاف جو بھی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں ان میں سے زیادہ تر شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے جبکہ باقی شکایات پرجلد کارروائی عمل میں لاکر ان کو بھی دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں عوام کو درپیش مسائل اور دیگر شکایات کے فوری ازالہ کیلیے لوگوں کو چاہیے کہ کسی بھی سرکاری محکموںکے خلاف اپنی شکایات ان کے دفتر میں جمع کرائیں تاکہ ان کی شکایات کا ازالہ کرایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے مسائل کے حل کیلیے کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ٹنڈو محمد خان منیر احمد شیخ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کیلیے ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیںجبکہ تمام محکموں کے فوکل پرسن مقرر کیے گئے ہیں جن کے ذریعے ملازمین کے مسائل حل کیے جا رہے ہیں ۔