انجینئرنگ سیکٹرمیں سرمائے اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں

145

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے گزشتہ روز پورٹ قاسم پر واقع انڈس موٹر کمپنی کے پلانٹ کا دورہ کیا اور گاڑیوں کے پرزہ جات کی مقامی سطح پر پیداوار بڑھانے اور معیار کی پاسداری کے حفاظتی فیچرز پر توجہ دینے کے لیے کمپنی کی کاوشوں کی تعریف کی۔ وفد میں چیئرپرسن سید فیصل علی سبزواری اور اراکین سینیٹر عطا الرحمن، سینیٹر سیف اﷲ سرور خان نیازی، سینیٹر شاہین خالد بٹ اور سینیٹ فدا محمد شامل تھے جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار ڈاکٹر ایم عثمان چاچڑ اور انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے جنرل منیجر پالیسی عاصم ایاز بھی وفد کے ہمراہ تھے ۔کمیٹی نے اپنے دورے میں پلانٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور گاڑیوں کی تیاری کے مختلف مراحل کا معائنہ کیا۔ وفد کے اراکین نے ملکی سطح پر انجینئرنگ سیکٹر کی سرگرمیوں کے فروغ، مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے اور سرمائے کی تقسیم اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کمپنی کے کردار کی تعریف کی ۔ وفد کے اراکین کو مقامی سطح پر گاڑیوں کے پرزہ جات کی تیاری کے لیے انڈس موٹر کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا اور کمپنی میں مقامی سطح پر تیار پرزہ جات کے ڈسپلے کا بھی دورہ کرایا گیا۔ کمیٹی کو انڈس موٹر کمپنی کے میک ان پاکستان تصور کے ساتھ گہری وابستگی اور عزم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جس کی تکمیل کے لیے انڈس موٹر کمپنی نے لوکلائزیشن کو بڑھانے کے لیے 35 تکنیکی معاونت کے معاہدوں کے ذریعے ٹیکنالوجی کی منتقلی کو ممکن بنایا ۔