ـ32اتائیوں پر 9لاکھ 40ہزار روپے جرمانہ عائد

401

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن (ایس ایچ سی سی )انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ کی آٹھویں میٹنگ کنوینر ڈاکٹر خالدشیخ کی صدارت میں کمیشن کے آفس میں منعقد ہوئی۔ اس موقع اینٹی کیکوری کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر عبدالرزاق شیخ نے بھی شرکت کی۔ کمیٹی نے 32 اتائیوں کے کیسز کا جائزہ لیا اور ان پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ، جس میں 12 کیسز کراچی ، 8 حیدرآباد، 6 لاڑکانہ ، 4 میرپورخاص، 1 سکھر اور 1 شہید بے نظیر آباد شامل ہیں ۔ان اتائیوں پر ایس ایچ سی سی کے ایکٹ 2013 ء کے سیکشن 9(2) کے تحت 9 لاکھ 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عوام کے وسیع تر مفاد میں ڈاکٹرز کے ساتھ کمیونیکیشن کو بہتر کیا جائے گا اور جدید خطوط پر تربیت فراہم کی جائے گی۔ کمیٹی چیئرمین ڈاکٹر خالد شیخ نے کہا کہ جن اتائیوں پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں ان سینٹرز پر فالو اپ دورے کیے جائیں گے تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جاسکے۔ ڈائریکٹر انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ نے ریکوری پروسیس میں بہتری لانے کیلیے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے بریف کیا اور ڈی سیل کیے گئے اتائیوں کے کلینکس پر مستقبل میں بھاری جرمانہ کرنے کی سفارش بھی کی۔میٹنگ میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ایس ایچ سی سی ڈاکٹر احسن قوی صدیقی ، کمیٹی ممبران ڈاکٹر عبدالرزاق شیخ ، ڈائریکٹر انسداد اتائیت اور ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔