کالا بلدیاتی قانون :جماعت اسلامی آج یوم سیاہ منا رہی ہے

202

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت سندھ حکومت کی وڈیرہ شاہی آمریت مسلط کرنے ، شہری اداروں پر قبضے اور کراچی دشمن کالے بلدیاتی قانون کے خلاف جمعہ 03دسمبر کو شہر بھر میں ’’یوم سیاہ ‘‘ منایا جائے گا۔سیاہ پٹیاں باندھی جائیں گی اور سیکڑوں مقامات پر کارنر میٹنگز و احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں اتوار 12دسمبر کو عظیم الشان و تاریخی ’’کراچی بچاؤ مارچ ‘‘ منعقد کیا جائے گا۔ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن 1بجے دن مسجد خضراء صدر نزد پاسپورٹ آفس میں خطاب کریں گے جبکہ مظاہروں اور کارنر میٹنگز سے جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر ورکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید ،ا میر ضلع ائر پورٹ توفیق الدین صدیقی ، امیر ضلع شمالی محمد یوسف ، امیر ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ ، امیر ضلع وسطی وجیہ حسن ، امیر ضلع غربی مدثر حسین انصاری ، امیر کیماڑی مولانا فضل احد ، نائب امیر ضلع شرقی انجینئر عزیز الدین ظفر ، امیر ضلع کورنگی عبد الجمیل خان ، امیر ضلع ملیر محمد اسلام اور دیگر خطاب کریں گے۔علاوہ ازیں کراچی بچاؤ مارچ کے سلسلے میں تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں ‘ لوگوں کو بڑی تعدادمیں شرکت کرانے کے لیے گھر گھررابطہ مہم شروع کردی گئی ہے جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی رائے عامہ ہموار کی جارہی ہے۔