سیالکوٹ: فیکٹری ملازمین کے تشدد سے غیر ملکی منیجر ہلاک

441

سیالکوٹ:  وزیر آباد روڈ پر واقع نجی فیکٹری میں ملازمین نے غیر ملکی منیجر کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد آگ لگادی، جس کے نتیجے میں منیجر ہلاک ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فیکٹری ملازمین نے غیر ملکی مینیجر پر لاٹھیوں، ڈنڈوں سے وار کئے اور اسے لہولہان کیا گیا۔ جس کے بعد ملازمین نے وزیر آباد روڈ کو بلاک کرکے مینیجر کی لاش کو آگ بھی لگا دی۔

ڈی پی او عمر سعید ملک کے مطابق واقعہ سیالکوٹ کے علاقے تھانہ اگوکی کی حدود میں پیش آیا جہاں نجی فیکٹری کے منیجر کو ملازمین نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملازمین نے وزیر آباد روڈ پر واقع فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی اور سڑک بلاک کردی۔ تاہم بعد ازاں مشتعل افراد سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد مظاہرین نے وزیر آباد روڈ پر ٹریفک بحال کردی۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی نے بتایا کہ ڈی پی او سیالکوٹ موقع پر موجود ہیں،واقعہ کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جائے گی۔