جھڈو،ٹائون انتظامیہ کی غفلت،وارڈنمبر 3 تالاب کا منظر پیش کرنے لگا

130

جھڈو(نمائندہ جسارت) ٹائون انتظامیہ کی مبینہ غفلت،نا اہلی اور لاپرواہی کے باعث وارڈ نمبر 3 گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول روڈ پر ٹاؤن کمیٹی جھڈو انتظامیہ کی جانب سے کچھ عرصہ قبل بنائے گئے نئے سی سی روڈ پر تین ماہ قبل زیر تعمیر مکان کا ملبہ ڈال کر نئے سی سی روڈ کو تباہ کر کے کھنڈر بنا دیا گیا، تباہ حال سڑک پر جگہ جگہ گٹر لائن کا پانی جمع ہونے سے کیچڑ جمع ہوجاتی ہے ،جمع ہونے والے گندے پانی اور کیچڑ سے علاقہ مکینوں کا گزرنا انتہائی دشوار ہو جاتا ہے جس سے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ، گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کی سیکڑوں طالبات، خواتین ٹیچرز اور علاقہ مکینوں کو آ مدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ماہ سے ٹاؤن کمیٹی جھڈو کی انتظامیہ اور چیف سینیٹری انسپکٹر کو بار بار شکایت کرنے اور توجہ دلانے کے باوجود انتظامیہ نئی سڑک پر زیر تعمیر مکان کا ملبہ گرانے والے مالک مکان کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے جس سے علاقہ مکینوں کو آ مدورفت میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے ٹاؤن کمیٹی جھڈو کی انتظامیہ سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔