قنبر علی خان،میونسپل ملازمین کا احتجاج ،دفتر کی تالہ بندی

223

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) میونسپل ایمپلائز یونین کی اپیل پر قنبر کے سیکڑوں میونسپل ملازمین نے صحت وصفائی کے امور کا بائیکاٹ کرکے اپنے دفتر کی تالہ بندی کرکے کام چھوڑ ہڑتال کی اور ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کرکے قنبر کے بھٹو چوک پر پہنچے جہاں انہوں نے ٹائروں کو نذرآتش کرکے دھرنا دیا جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا ۔اس موقع پر میونسپل ایمپلائز یونین قنبرکے رہنما ذوالفقار بھٹو، سرائی عاشق علی گوپانگ ، غلام حیدر چانڈیو اور مختار خاصخیلی سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میونسپل ملازمین اپنے دفاتر کی تالہ بندی کرکے اپنے مطالبات کے حق میں مسلسل احتجاج کرنے پر مجبور ہیں مگر حکومت سندھ ملازمین کے مسائل حل کرنے میں ہرگز سنجیدہ نہیں ہے اور ان کے ساتھ مبینہ ناانصافی کی جارہی ہے اور میونسپل ورکرزکے کام چھوڑ ہڑتال کی وجہ سے پورا قنبرشہر گندگی و غلاظت کے ڈھیروں میں تبدیل ہوچکا ہے۔ مظاہرین نے کہاکہ میونسپل ملازمین کی ماہانہ تنخواہیں آن لائن ٹریژری کے ذریعے جاری نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین کی تنخواہ ہر ماہ تاخیر سے بینک میں خود جمع کروائی جاتی ہیں جس سے وقت پر تنخواہیں ادا نہ ہونے سے میونسپل ملازمین ا ور ان کے بچے فاقہ کشی کا شکار ہوتے ہیں جبکہ اس کے علاوہ گزشتہ دو سالوں سے حکومت کی جانب سے بڑھائی جانے والی تنخواہیں بھی ملازمین کو ادا نہیں کی جارہی ہیں اور نہ ہی ڈیفرنس کی رقم اور ماہ جون میں بڑھنے والے انکریمنٹ دیا جارہا ہے جس سے ملازمین سخت پریشان اور بے چینی کا شکار ہیں اور ان کے مسائل مسلسل التواء کا شکار ہیں ۔انہوںنے کہاکہ میونسپل افسران کے آپس کے اختلافات کی وجہ سے دیگر ملازمین مسائل کا شکار ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوںنے حکومت سندھ سے مطالبہ کیاکہ میونسپل کمیٹی قنبرکے ملازمین کی ماہانہ تنخواہیں ٹریژری کے ذریعے بروقت آن لائن جاری کرکے ملازمین کے دیگر تمام دیرینہ مسائل حل کرکے پریشانی دور کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا ۔