حزب اختلاف اگلے الیکشن میں بھی دھاندلی کا الزام لگائے گی،شیخ رشید

190

اسلام آباد( آن لائن،صباح نیوز )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ووٹنگ کا قانون بن گیا ہے کہ اب ووٹ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے، اب اپوزیشن نے فیصلہ کرنا ہے کہ اس نے عدالت جانا ہے یا کچھ اورفیصلہ کرنا ہے۔پاکستان کے الیکشن میں پنجاب کے 40 حلقوں میں ہار اور جیت کا فیصلہ بیرون ملک پاکستانیوں کی ووٹنگ پر ہو گا اورسارے پاکستان میں کم وبیش 80حلقے ایسے ہوں گے ،میں نے ا سٹڈی کی ہے بعض حلقوں میں40اور50ہزار ووٹ اوورسیز پاکستانیوں کے ہیں اور جب اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ پی ٹی آئی کو پڑیں گے تو یہ پھر کہیں گے دھاندلی ہو گئی ہے ،یہ پھر روئیں گے اور چیخیں گے کہ دھاندلی ہوئی ہے لیکن مشین ہی اس کا جواب ہے۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات الیکٹرانک مشین سے ہوں گے کیوں کہ یہ اب قانون بن گیا ہے ، شکر ہے اللہ نے ہمیں نالائق اور نااہل اپوزیشن دی ہے، 24 گھنٹے ٹی وی کو میٹریل دینا بڑا مشکل ہے۔راولپنڈی کے گرلز ڈگری کالج ایف بلاک میں نئے ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز کابینہ کے اجلا س میں تمام تبلیغی جماعت کے لوگوں کے لیے آن لائن ویزے کی سہولت کی فراہمی کی اجازت دے دی ہے،اس حوالے سے میڈیا میں کوئی خبر نہیں لگی، دین کی بھی ریاست مدینہ میں خدمت ہونی چاہیے اوراس کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔ آئندہ انتخابات سی وی ایم سے یوں گے، اوورسیز پاکستانیز آئی ایم ایف سے زیادہ پیسا پاکستان بھیجتے ہیں ان کی کوئی شرط بھی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم آگے ، سیاست دان پیچھے چلے گئے ہیں۔وفاقی وزیر نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ادراک ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے، لیکن اب ہمیں اس کا حل تلاش کرنا ہے۔ سعودی عرب سے لازوال رشتہ ہے، انہوں نے قرضہ دیا جس سے اکنامی میں بہتری آئی ہے، وفاقی وزراء کے بیرون ممالک جانے پر پابندی روٹین ہے ،میں تو راولپنڈی سے کہیں بھی نہیں جانا چاہتا۔