عوام کو خودکشی پر مجبور کرکے گھبرانا نہیں ہے کی تلقین کی جارہی ہے،شہباز شریف

157

لاہور( آن لائن ) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی عوام کے لیے لولی پاپ ہے، حکومت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا عوام کوفائدہ دے، عوام کو چکر نہ دے،مہنگائی کا بلند ترین سطح پر پہنچنا معیشت کی تباہی کی دلیل ہے ۔جوآئی ایم ایف کی عوام اور قومی مفاد کی دشمن شرائط تسلیم کرے وہ ناقابل اعتبار ہے۔ اپنے ایک بیان میںشہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا سال کی بلند ترین سطح پرپہنچنا غریبوں کے لیے قیامت اورمعیشت کی تباہی کی دلیل ہے، مہنگائی 13 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور عوام اس آگ میں جل رہے ہیں، حکومتی بیانات سے یہ آگ نہیں بجھے گی۔شہبازشریف نے کہا کہ ماہانہ 11.5 فیصد مہنگائی ہونا حکومت کے عوام پر ظلم اور معاشی بربادی کا اعتراف جرم ہے، غریب عوام گھی کا ڈبہ خریدنے سے محروم ہوچکے ہیں، ٹماٹر، گھی، خوردنی تیل، چاول، پھل، سبزیاں، انڈے، گوشت، دودھ، چینی، ادویات، تعمیراتی سامان مہنگا ہوگیا، عوام مہنگائی، بے روزگاری اور گزارا نہ ہونے پر خودکشیاں کررہے ہیں اور حکمران انہیں نہ گھبرانے کی تلقین کررہے ہیں۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ آدھی رات کو مہنگائی کا بم گرانے والی حکومت پر عوام کو اعتبار نہیں،صحت انصاف کارڈ سے عوام کو دوائی اور علاج کی سہولیات نہیں مل رہیں، عوام کی شکایات بڑھ رہی ہیں، کوئی جواب دینے والا نہیں ۔ قوم ظالم ٹولے کو مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں، عوام کے ریلیف، منی بجٹ اور مہنگائی سے نجات کی راہ صرف عمران نیازی حکومت سے نجات ہے ۔