حکومت مہنگائی سے نمٹنے کیلیے ہرممکن اقدام کررہی ہے، فرخ حبیب

171

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی کی لہر سے پاکستان بھی متاثر ہوا۔ حکومت مہنگائی سے نمٹنے کیلئے ہرممکن اقدام کررہی ہے۔ حکومتی اقدامات سے پیاز، ٹماٹر، چینی ، آٹے اور دال کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے سے مہنگائی پر بھی اثر پڑے گا۔ پنجاب اورخیبرپختونخوا میں کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں سے فی بوری کی قیمت میں 400 روپے تک کمی ہوئی ۔ سندھ حکومت کسانوں سے دشمنی کے بجائے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں کرے ۔ ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہاکہ کورونا کے باعث پوری دنیا میں مہنگائی بڑھی ہے ۔یورپی ممالک میں مہنگائی 5 اور امریکا میں 6فیصد بڑھی۔ دنیا میں مہنگائی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ عالمی سطح پر مہنگائی سے پاکستان بھی متاثر ہوا۔ اب مہنگائی میں کمی واقع ہورہی ہے ۔ چینی کی قیمت میں 60 روپے کمی ہوئی اب 85 سے 90 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منی بجٹ کے اثرات عام آدمی پر نہیں ہوں گے۔ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں کھانے کے تیل کی قیمت 100فیصد بڑھی فرنس آئل سمیت دیگر اشیاء کی عالمی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ حکومتی اقدامات سے پیاز، ٹماٹر، چینی ، آٹے اور دال کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔