ریکوڈک کاپر اینڈ گولڈ پروجیکٹ بلوچوں کا قومی اثاثہ ہے‘نیشنل پارٹی

226

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)نیشنل پارٹی نے مرکزی بیان میں کہا کہ ریکوڈک کاپر اینڈ گولڈ پروجیکٹ بلوچ قوم کا قومی اثاثہ ہے ماضی میں اس حوالے سے جو غلط معاہدے سابق حکومتوں کے سامنے آئے جس کا خمیازہ ٹھیتیان کمپنی اور وفاقی حکومت کو آج تک بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ریکوڈک کاپر اینڈ گولڈ پروجیکٹ پرعدالت عظمیٰ کا فیصلہ موجود ہے، جس نے اس معاہدے کو غیر قانونی اور بلوچ عوام کے معاشی مفادات کے خلاف قرار دیا۔ بیان میں کہاگیا کہ ریکوڈک کاپر گولڈ معاہدے میں بی ڈی اے اور بلوچستان حکومت کا کردار انتہائی مشکوک اور بلوچستان دشمن رہا ہے بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بلوچستان کے مفادات کے بجائے ہر وقت کمپنی کے مفادات کو بلوچستان کے عوام کے مفادات پر ترجیح دی اور مخصوص مفادات حاصل کیے حالانکہ عملاً بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا جوائنٹ وینچر تھا لیکن بلوچستان اور بلوچ قومی مفادات کے برخلاف کمپنی اور بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مخصوص ٹولے کو فائدہ پہنچانے کی کوششوں نے بلوچستان کے قومی پروجیکٹ کو تباہی کے دھانے لاکھڑا کیا۔