این سی او سی‘50برس سے زاید عمر کے افراد کیلیے بوسٹر ڈوز کی منظوری

175

اسلام آباد(صباح نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ہیلتھ کئیر ورکرز، 50 سال سے زاید شہریوں اور کم قوت مدافعت والوں کے لیے بوسٹر ڈوز کی منظوری دے دی ۔بدھ کو وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں کورونا صورتحال اور ویکسی نیشن پر بریفنگ دی گئی اور کورونا کی نئی قسم اومی کرون سے متعلق صوبوں کو زیادہ فوکس کرنے کی ہدایت کی گئی۔این سی او سی نے ویکسی نیشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا اور اس سے متعلق حکام اور صوبوں کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔این سی او سی نے بتایا کہ ملک بھر میں40ویکسی نیشن کال سینٹر قائم کر دیے گئے ہیں ، تمام صوبے دور افتادہ علاقوں کے لیے ویکسی نیشن کی خصوصی مہم شروع کریں گے، نئے ویرینٹ کے حوالے سے صوبائی نمائندوں کو زیادہ فوکس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں3 کیٹیگریز کے لیے ویکسین کے بوسٹر شاٹ کی منظوری دی گئی ،50سال سے زاید عمر، ہیلتھ کیئر ورکرز اور کم قوت مدافعت والے افراد کو ویکسی نیشن مکمل کرانے کے6ماہ بعد بوسٹر شاٹ لگایا جائے گا۔اجلاس میں ویکسی نیشن نہ کرانے والے افراد کوموقعے پر ہی ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ، ویکسی نیشن کے لیے خصوصی مہم شروع کردی گئی ، ویکسی نیشن ٹیمیں مختلف پبلک مقامات پر موجود رہیں گی۔ اجلاس میں حکام کی جانب سے کورونا پھیلائو، اموات اوراسپتا لوں میں نئے داخل ہونیوالے مریضوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔