بلدیہ عظمیٰ کراچی کے لیے1 ارب 2 کروڑ5 لاکھ کی گرانٹ جاری

290

کراچی(رپورٹ:محمدانور)سندھ حکومت نے بلدیہ عظمیٰ کو آکٹرائے ضلع ٹیکس اور اسپیشل گرانٹ ان ایڈ کی مد میں ایک ارب 2 کروڑ5 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کردی۔سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت کے محکمہ خزانہ سے یہ رقم بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اکاؤنٹ میں آئندہ چند روز میں منتقل ہوجائے گی۔جاری کیے گئے فنڈز میں آکٹرائے ضلع ٹیکس کے شیئر کی مد میں21 کروڑ15 لاکھ روپے، کے ایم سی،ڈی ایم سیز اور ڈسٹرکٹ کونسل کے ریٹائرڈ اور مرحوم ملازمین کی پنشن کی مد میں26 کروڑ31 لاکھ روپے اور خصوصی گرانٹ ان ایڈ کی مد میں60 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔دلچسپ امر یہ کہ حکومت نے گرانٹ ان ایڈ کی مد میںطے شدہ ماہانہ 5 کروڑ روپے کی پہلی قسط دسمبر کی گرانٹ سے کاٹ لی ہے جبکہ آکٹرائے ضلع ٹیکس کی میں جاری کیے گئے 21 کروڑ15 روپے کی گرانٹ ان ایڈ کی قسط کی مد میں 33 لاکھ روپے ماہانہ کی کٹوتی کی جا رہی ہے جو دسمبر کی بھی کاٹ لی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق جو گرانٹ ان ایڈ کی مد میں رقم دی گئی ہے وہ بطور قرض کے ایم سی کوجاری کی گئی اور اس قرض کو اقساط کی بنیاد پر واپس بھی لیا جارہا ہے حالانکہ سندھ حکومت صوبائی مالیاتی ایوارڈ نہ جاری کرکے خود ڈیفالٹرہے مگر سندھ حکومت اپنے قصور کی سزا صوبے کے دارالحکومت کراچی کے فنڈز کی کٹوتی کرکے دیا کرتی ہے۔