الیکشن ای وی ایم سے نہیں ہوگا‘آئین سے متصادم ہے‘مریم اورنگزیب

135

لاہور (نمائندہ جسارت)ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ای وی ایم قانون آئین سے متصادم ہے ،الیکشن ای وی ایم سے نہیں ہوگا، فنڈ پارلیمنٹ نے دینے ہیں، قومی وسائل اور اداروں کے لیے فنڈ عمران خان کی ذاتی جاگیر نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ فواد چودھری نے صحیح کہا الیکشن کرانے کے پیسے دینے سے پہلے عمران خان ملک چھوڑچکے ہوں گے تو پیسے کیسے دیں گے ، اگلے الیکشن سے انشا اللہ عمران خان کا کوئی تعلق نہیں ہوگا، اگلے الیکشن سے آٹا ، چینی ، بجلی گیس اور دوائی عمران مافیا کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔الیکشن اور الیکشن اصلاحات غنڈہ گردی ،فسطائی، غیرجمہوری اور آمرانہ رویے سے نہیں کی جاتی، یہ کنٹینر نہیں جہاں بجلی گیس کے بل جلائے جائیں، آئینی اداروں سے غنڈہ گردی نہیں چل سکتی، ای وی ایم کو پارلیمنٹ، اپوزیشن ، عوام اور الیکشن کمیشن مسترد کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں جو بل پاس کرائے گئے وہ کبھی پارلیمان کے کسی فورم پر نہیں لائے گئے جو قوانین کی خلاف ورزی ہے۔کورونا فنڈ،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور صحت کارڈ میں بائیو میٹرک جو نہ کراسکے وہ ای وی پر الیکشن کرانے کی بات کس منہ سے کررہے ہیں؟ای وی ایم کی بات کرنے سے پہلے 1200 ارب کے کورونا ریلیف فنڈ میں دھاندلیوں اور چوری کا جواب دیں ۔