بلوچستان کے وسائل پرپہلا حق مقامی لوگوں کا ہے، حسین محنتی

81

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ساحل اوروسائل پر مقامی عوام کا حق حاکمیت تسلیم کیا جائے ، ان کو صحت،تعلیم کی سہولیات سمیت بنیادی حقوق فراہم کرناحکومت کا فرض ہے۔گوادرکوپیرس بنانے کے دعوئوں کے برعکس گوادرکے عوام کاپانی،بجلی اورتعلیم سمیت بنیادی حقوق کے لیے احتجاجی دھرناحکمرانوں کے دعوئوں کی نفی اور بے حسی کی انتہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’گوادرکوحق دو‘‘تحریک کے روح رواں مولانا ہدایت الرحمن سے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران کیا۔صوبائی امیر نے عوامی حقوق کے لیے جدوجہد پر مولانا ہدایت الرحمن اوران کی پوری ٹیم کی تحسین کی۔انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے امیرکو ’’گوادرکو حق دو‘‘ تحریک کی تفصیلات سے آگاہی دیتے ہوئے کہاکہ گوادر کے عوام گزشتہ 17 دن سے پرامن طریقے سے اپنے حقوق کے لیے میدان عمل ہیں ۔اس تحریک میں تمام سیاسی پارٹیاں اور مردوخواتین،بچے بوڑھے سب شامل ہیں۔ کوئٹہ اور اسلام آباد میں اہل اقتدار نے دیکھ لیا کہ گوادر کا بچہ بچہ خواتین، بزرگ نوجوان سب پرامن جدوجہد کے ذریعے اپنے حق کے حصول کے لیے پر عزم ہیں۔ گوادر کی آواز سننے اور بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے علاوہ اب حکمرانوں کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں۔محمدحسین محنتی نے کہاکہ پورے ملک کی طرح گوادر کے وسائل پربھی مافیا کا قبضہ ہے۔ 17 دن سے اہل گوادراپنے جائز حقوق کے لیے سراپا احتجاج ہیں مگرحکمرانوں کے کانوںپر جوں تک نہیں رینگتی۔اسلام آباد پرقابض ٹولے نے دور آمریت کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے۔ حکمران’’ حق دوگوادرکو‘‘ تحریک کے مطالبات کو تسلیم کریں۔