آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے کا فیصلہ لائق تحسین ہے،غیاث پراچہ

340

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے فضائی آلودگی اورا سموگ پر قابو پانے کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ وزیر اعظم نے پنجاب میں فضائی آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے وفاقی اور صوبائی محکموں کو ایک ہفتے کے اندرتفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن حکومت کے تعاون سے چھ ماہ میں ا سموگ اورفضائی آلودگی پر قابو اور آئل امپورٹ بل کم کیا جا سکتا ہے اس لیے ہمیں موقع دیا جائے۔ غیاث پراچہ نے ایک بیان میں کہا کہ سی این جی کا استعمال کم ہونے سے فضائی آلودگی اور سموگ میں اضافہ ہوا ہے جسے کم کرنے کے لیے ڈیزل اور پیٹرول پر چلنے والی گاڑیوں میں آلودگی کو کنٹرول کرنے والے آلات کو لازمی قرار دیا جائے تاہم سی این جی پر چلنے والی گاڑیوں میں ایسے آلات کی ضرورت نہیں کیونکہ ان سے مضر صحت گیسوں کا اخراج نہ ہونے کے برابرہے ۔ حکومت الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے مگر عوام میں اس کی مقبولیت کے لیے کئی سال کا عرصہ درکار ہے اس لیے سی این جی کو بھرپور توجہ دی جائے ۔