مضبوط نجی شعبہ مکمل معاشی صلاحیت کو بروئے کار لا سکتا ہے، میاں کاشف اشفاق

203

اسلام آباد (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ مضبوط نجی شعبہ ہی پاکستان کو اس کی مکمل معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے میں مدد دے سکتا ہے۔ بدھ کو چن ون کے چیف فنانشل آفیسر ناصر حسین کی قیادت میں ایس ایم ایز کے ماہرین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کو تیز، برآمدات کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے علاوہ ملکی صنعت کو آکسیجن فراہم کرنے میں صرف نجی شعبہ اور ایس ایم ایز ہی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت زیادہ اقتصادی پوٹینشل موجود ہے جس سے ابھی تک فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔ اس کو استعمال میں لا کر مارکیٹنگ کے نئے مواقع پیدا کرنے، ملازمتوں کے مزید مواقع پیدا کرنے، ملکی معیشت کو کوویڈ۔ 19 کے منفی اثرات سے نکالنے اور نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کے لیے کلیدی پالیسی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ملک کے نجی شعبے پر کورونا کے اثرات کے تناظر میں اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیا کیونکہ ملکی معیشت کا بہت بڑا حصہ ایس ایم ایز پر مشتمل ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان زیادہ اختراعی، مسابقتی اور کاروباری معیشت کو فروغ دے کر اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل اہم رکاوٹوں کو دور کر کے ترقی کے عمل کو تیز تر کر سکتا ہے۔