جناح اسپتال : مسائل حل کرنے کیلیے شعبہ امراض سینہ کومہلت

162

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح اسپتال کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے کہا ہے کہ شعبہ امراض سینہ کے مسائل کو مکمل طور پر حل کرنے کے لیے شعبہ کی سربراہ ڈاکٹرنوشین کو 15دنوں کا وقت دیا ہے ،اگر ان سے مسائل حل نہ ہوسکے توا ن کی جگہ کسی پروفیسر کو تعینات کر دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وارڈ کے مانیٹر، آکسیجن لائنوں اور چولہے کو ٹھیک کر دیا ہے۔ بستروں پر چادروںکیلیے وارڈ ماسٹر کو ہدایت کی ہے کہ روزانہ نئی چادریں بستروں پر ڈالی جائیں، بلیوں کے خاتمے اور صفائی کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پوسٹ گریجویٹس کی نگرانی کیلیے افسر تعینات کر دیا ہے جبکہ وارڈ کے باہر سے ادویات منگوانے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وارڈ کی کارکردگی جانچنے کے لیے اجلاس طلب کیا تھاجس میں وارڈ کے ڈاکٹروں نے شرکت کی جنہیں کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی اور ڈاکٹروں کو آگاہ کر دیا ہے کہ جو کام نہیںکر سکتا اس کا دوسرے شعبے میںتبادلہ کر دیا جائے گا ۔