بھارت میں پیٹرول 8روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا

284

نئی دہلی/اسلام آباد( صباح نیوز ) بھارت میں حکومت نے عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے پیٹرول کے ٹیکس میں کمی کردی جس کے بعد پیٹرول 8روپے فی لیٹر سستا ہوگیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئی دہلی کی حکومت نے پیٹرول کی مد میں لیے جانے والی ویلیو ایڈڈ ٹیکس کو 30 فیصد سے کم کر کے 19.40فیصد کردیا۔ادھر پاکستان میں عوام پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور ٹیکسز کے بوجھ تلے دبنے لگے اور پیٹرول پر ٹیکسز ڈیوٹیز کی مد میں 27 روپے 24پیسے کی وصولی جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ڈیزل پر 31روپے 26پیسے فی لٹر ٹیکس، ڈیوٹیز، مارجن اور لیوی عاید ہے جبکہ پیٹرول کی قیمت خرید 118روپے 58پیسے اور قیمت فروخت 145 روپے 82پیسے مقرر ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت خرید 111روپے 36پیسے اور قیمت فروخت 142روپے 62پیسے فی لٹر ہے، پیٹرول پر 3روپے 91پیسے فی لیٹر ڈیلرز مارجن وصول کیا جارہا ہے جبکہ پیٹرول پر ڈسٹری بیوٹر مارجن 2روپے 97پیسے فی لیٹر ہے اورپیٹرول پر 4روپے 40پیسے فریٹ مارجن عاید ہے۔ذرائع نے مزید بتایاکہ پیٹرول پر لیوی 13روپے 62پیسے ،سیلز ٹیکس 2روپے 34پیسے فی لٹر وصول کیا جارہا ہے ،ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 3روپے 30پیسے ڈیلرز مارجن وصول کیا جارہا جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈسٹری بیوٹر مارجن 2روپے 97پیسے عائد ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل پر 2روپے 6پیسے فریٹ مارجن عائد ہے اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی 13روپے 14 پیسے،سیلز ٹیکس 9روپے 79 پیسے فی لیٹر عاید ہے۔