امریکا اثاثے بحال ، پابندیاں ختم کرے، افغان وزیر خارجہ

232

دوحا (اے پی پی)افغان طالبان نے دوحہ مذاکرات میں ایک بار پھر امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان کے اربوں ڈالر کے منجمد اثاثے بحال کرے اور بلیک لسٹس اور پابندیاں ختم کی جائیں ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحا میں افغانستان کے حوالے سے 2روزہ مذاکرات کے دوران افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی اور افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندہ ٹام ویسٹ نے ملاقات کی جس میں طالبان نے زور دیا کہ بلیک لسٹس اور پابندیاں ختم کی جائیں۔افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ دونوں وفود کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں سیاسی، اقتصادی، انسانی، صحت، تعلیم اور سیکورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی اور ضرروی بینکنگ اور کیش فیسلٹیز پر بھی بات چیت کی گئی۔ افغان وفد نے امریکی فریق کو سیکورٹی کی یقین دہانی کرائی اور زور دیا کہ افغانستان کی منجمد رقم کو غیر مشروط طور پر جاری کیا جائے، بلیک لسٹس اور پابندیاں ختم ہونی چاہئیں اور انسانی مسائل کو سیاسی امور سے الگ کیا جانا چاہیے۔