سی پیک منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں،وزیراعظم

291
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان انسداد اسمگلنگ کے اقدامات سے متعلق اجلاس کی صدار ت کررہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں پر کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔وزیراعظم کی زیرِ صدارت چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اسد عمر، علی زیدی، حماد اظہر، مشیر خزانہ شوکت ترین، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، معاون خصوصی خالد منصور اور سینئر حکام نے شرکت کی۔معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے اجلاس کو سی پیک منصوبوں کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملکی مفاد کے لیے طویل المدت منصوبوں کے لیے پالیسیوں کا تسلسل لازمی عنصر ہے، چین اور پاکستان کے مابین وقت کی آزمائی ہوئی دوستی ہے، حکومت سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کا عزم رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اسمگلنگ کی وجہ سے ملک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچتا ہے،گندم، یوریا، چینی، آٹا اور پیٹرول کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات لیے جائیں، اقدامات کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فرق اسمگلنگ کی وجہ بنتی ہے۔ اسمگلنگ کی وجہ سے مصنوعی قلت پیدا ہوتی ہے جس کی وجہ سے قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کے غیر قانونی پیٹرول کی اسمگلنگ کو روکنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے جنوبی بلوچستان پیکج کے لیے فنڈز کی فوری اجراء کے عزم کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جنوبی بلوچستان طرز پر شمالی بلوچستان پیکج کاجلد اعلان کیاجائے گا، گوادر میں پانی اور بجلی کے ترقیاتی منصوبوںکیلئے وفاق بھرپور معاونت کریگی ،چمن کوئٹہ تا کراچی شاہراہ کی تعمیر وفاق کی اولین ترجیح ہے وہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اور چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ملاقات میں بلوچستان کی ترقی اور مسائل کے فوری حل سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔