کشمیری یتیم بچے بھارتی منڈیوں میں فروخت کیے جانے کا انکشاف

252

نئی دلی/سری نگر(اے پی پی)بھارتی ذرائع ابلاغ کی ایک چونکا دینے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور کورونا کی وجہ سے یتیم ہونے والے بچے بھارتی منڈیوں میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹ نے مقبوضہ علاقے میں انتہائی ہلچل مچا دی ہے۔ بھارتی اخبارانڈیا ٹوڈے میں شائع ہونے والی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اس غیر انسانی عمل میں غیر سرکاری تنظیمیں گلوبل ویلفیئر چیری ٹیبل ٹرسٹ اور نوبل فائونڈیشن ملوث ہیں جو ایک کشمیری یتیم بچے کو بھارتی مارکیٹ میں 75ہزارسے 10لاکھ روپے میں فروخت کر رہی ہیں۔ اس ہوشربا انکشاف نے سوشل میڈیا پر شدید غم وغصے کو جنم دیا ہے اور لوگوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کی تحقیقات کرے۔ دوسری جانب غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بدھ کو ضلع پلوامہ میں2 اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے پیراملٹری فورسزاور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ نوجوانوں کو ضلع کے علاقے قصبہ یار میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ایک سینئر پولیس اہلکار نے علاقے میں نوجوانوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے ۔ واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ نومبر میں 20 کشمیریوں کو شہید کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے آج جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق 8کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں یا دوران حراست شہید کیاگیا۔ گزشتہ ماہ مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی209 کار ر وائیوں کے دوران 66شہریوں جن میں بیشتر نوجوان شامل تھے کو گرفتار کیاگیااور ان میں سے متعدد پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کا کالاقانون یو اے پی اے لاگو کیاگیا ۔دریں اثناپاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کی مذمت کی ہے۔دفترخارجہ کے ترجمان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال عالمی برادری کے لیے تشویشناک ہے۔