ایف بی آر کا تمام اسٹیک ہولڈرز کو ٹریس سسٹم پر سختی سے عمل درآمد کا مشورہ

418

اسلام آباد:ایف بی آر نے تمام سٹیک ہولڈرز کو چینی سیکٹر کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر سختی سے عمل درآمد کا مشورہ دیا ہے۔

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ملک کی تمام چیمپرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، تمام تجارتی باڈیز اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز کو کہا ہے کہ قانونی کاروائی سے بچنے کے لئے چینی سیکٹر پر نافذالعمل ٹریک اینڈ ٹریس نظام پر سختی سے کاربند رہیں۔

اس حوالے سے پراجیکٹ ڈائیریکٹر ، ٹریک اینڈ ٹریس، ایف بی آر نے یہ بات مراسلے کے ذریعے تمام سٹیک ہولڈرز تک پہنچائی مراسلہ میں ایف بی آر نے سیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 5 کا حوالہ دیا ہے۔

 جس میں نوٹیفائی کیا گیا تھا کہ موجودہ کرشنگ سیزن 2021-22 کے لئے چینی کا کوئی بھی تھیلہ 11 نومبر 2021 سے ٹیکس سٹیمپ اور انفرادی شناختی نشان لگوائے بغیر پیداواری سائٹ اور کاروباری حدود سے نکلوایا نہیں جا سکتا مراسلہ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ تمام سپلائی چین آپریٹرز بشمول ڈسٹری بیوٹرز، ہول سیلرز ، ڈیلرز اور ریٹیلرز بھی موجودہ سیزن میں چینی کی خریدوفروخت نہ کریں اگر تھیلوں پر ٹیکس سٹیمپس چسپاں نہ ہوں۔

سپلائی چین آپریٹرز کی طرف سے خلاف ورزی کی صورت میں سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔