بلدیاتی انتخابات میں ہمارے لئے بھی نشستیں مختص کی جائیں، معذور افراد کا مطالبہ

467

  حیدرآباد:  معذور افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں معذور افراد کی نشستیں بھی مختص کی جائیں ، آئین میں ترمیم کرکے سینٹ، قومی و صوبائی اسمبلی میں معذور افر ادکی نشستیں مختص کی جائیں۔

پریس کلب میں ہینڈ انڈپنڈینٹ لیونگ سینٹر کے رہنما لال محمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ معذور افراد کو بہت سے مسائل کا سامناہے ، کورونا وائرس کی وجہ سے بڑی تعداد میں معذور افراد بیروزگار کردیئے گئے اور ویسے بھی معذور افراد کیلئے ملازمتوں کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ سماجی تنظیم انڈپنڈنٹ لیونگ سینٹر نے کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی معذور افراد کو خودمختار بنانے کیلئے ایک ادارہ قائم کیا ہے جہاں تعلیم و ہنر کے ساتھ ساتھ معذوری کے حامل افراد کو بین الاقوامی طرز کی اٹینڈ سروس بھی دی جارہی ہے جن کا مقصد معذور افرا دکو خود مختیار بناکر ان کی معاشرتی اور لیڈر شپ صلاحیتوں کو اجاگر کرکے انہیں معاشرے کا ایک کارآمد شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

 انہوں نے کہاکہ معذور افراد کسی پر بوجھ بننا نہیں چاہتے انہیں سہولیات چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل معذوروں کی تنظیمیں ٹیبلوز شو کر کے یا ریلیاں نکال کر اس دن کو مناتی تھیں لیکن اس سال ہینڈز انڈیپنڈنٹ لیونگ سینٹر کی جانب سے اس دن کو معذوروں کی بحالی کے طور پر منایا جائیگا۔

 انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ڈھائی کروڑ معذور افراد ہیں جو کہ وسائل نہ ہونے کے سبب غربت اور مفلسی کی زندگی کے ساتھ اپنے گھروں تک محدود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہینڈزنے پاکستان میں معذوروں کی بحالی کیلئے ہینڈزانڈ پینڈنٹ سنٹر قائم کرکے تاریخی کام کیا ہے اور ہینڈز معذوروں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ دیگر مطلوبہ سہولیات بھی فراہم کرتا ہے اور معذوروں کو تعلیم کے ساتھ ہنر بھی سکھانے کے مواقع فراہم کئے ہیں۔