بلوچستان کے وسائل پر مقامی عوام کا حق تسلیم کیا جائے ، محمد حسین محنتی

434

کراچی:امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ساحل اوروسائل پر مقامی عوام کا حق حاکمیت تسلیم کیا جائے ،ان کو صحت،تعلیم کی سہولیات سمیت بنیادی حقوق فراہم کرناحکومت کا فرض ہے۔

محمد حسین محنتی کا کہناتھا کہ گوادرکوپیرس بنانے کے دعووں کے برعکس گوادرکے عوام کاپانی،بجلی اورتعلیم سمیت بنیادی حقوق کے لیے احتجاجی دھرناحکمرانوں کے دعووں کی نفی اور بے حسی کی انتہا ہے۔ گوادر کے عوام گذشتہ 17دنوں سے پرامن طریقے سے اپنے حقوق کے لیے میدان عمل ہیں، اس تحریک تمام سیایسی پارٹیاں اور مردوخواتین،بچے بوڑھے سب شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ روزخواتین کی تاریخی ریلی بلوچستان میں حقوق کی فراہمی کے نئے دور کا آغازکرے گی۔ کوئٹہ اور اسلام آباد میں اہل اقتدار نے دیکھ لیا ہے کہ گوادر کا بچہ بچہ خواتین، بزرگ نوجوان سب پرامن جدوجہد کے ذریعے اپنے حق کے حصول کے لیے پر عزم ہے۔ گوادر کی آواز سننے اور بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے علاوہ اب حکمرانوں کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں۔

 پورے ملک کی طرح گوادر کے وسائل پربھی مافیا کاقبضہ ہے۔17دنوں سے اہل گوادراپنے جائز حقوق کے لیے سراپا احتجاج ہیں مگرحکمرانوں کے کانوںپر جوں تک نہیں رینگتی۔ اسلام آباد پرقابض ٹولے نے دور آمریت کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے۔حکمران واسٹیبلشمنٹ ہوش کے ناخن لے آمرانہ رویہ اختیار کرنے کی بجائے، حق دوگوادرکو تحریک کے مطالبات پرسنجیدگی سے غورکرکے مسائل کو الجھانے کی بجائے سلجھایا جائے۔