بھارت: ٹیکس میں کمی، پیٹرول 8روپے فی لیٹرسستا ہوگیا

468

نئی دہلی:بھارت میں نئی دہلی کی حکومت نے عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے پیٹرول کے ٹیکس میں کمی کردی جس کے بعد پیٹرول 8روپے فی لیٹر سستا ہوگیا۔

 غیر ملکی رپورٹس کے مطابق نئی دہلی کی حکومت نے پیٹرول کی مد میں لیے جانے والی ویلیو ایڈڈ ٹیکس کو 30 فیصد سے کم کر کے 19.40فیصد کردیا جس کے بعد بھارتی دارالحکومت میں پیٹرول کی قیمت 8روپے فی لیٹر کم ہوگئی۔نئی دہلی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا۔

پیٹرول کی قیمت اب 95.97فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ڈیزل پر بھی ایکسائز ڈیوٹی کم کی گئی ہے۔قبل ازیں ایندھن کی قیمتوں میں 27دنوں تک کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ 4نومبر کو حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کی تھی تاکہ قیمتوں کو ریکارڈ کی بلند سطح سے قدرے نیچے لایا جا سکے۔

بھارت میں سرکاری آئل ریفائنریز بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل اور ڈالر کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر ایندھن کے نرخوں پر نظر ثانی کرتی ہیں اور ہر ریاست میں الگ الگ قیمتیں ہوتی ہیں۔ اس وقت سب سے زیادہ قیمت ممبئی میں 109روپے فی لیٹر ہے۔