فیصل آباد: مالکان کا10دسمبر سے اپنے بھٹے بند کرنے کا اعلان

297

فیصل آباد: بھٹہ مالکان نے کوئلہ مافیا کی ناجائز منافع خوری اور کوئلہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف 10دسمبر سے اپنے بھٹے مکمل بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔

بھٹہ مالکان کا کہنا ہے کہ کوئلہ مائن مالکان نے جان بوجھ کر کوئلہ کی نکاسی روک رکھی ہے اور اس کی قیمت ہر ہفتہ 2ہزار روپے بڑھا دیتے ہیں ۔کوئلہ سے بھٹے چلانا اب نا ممکن ہو چکا ہے اس لئے کروڑوں روپے کا نقصان کرنے سے بہتر ہے کہ بھٹے بند کر دیئے جائیں۔

اس بات کا فیصلہ دونوںشیخوپورہ روڈ اور ملت روڈ سیکٹر  کے مشترکہ اجلاس میںکیا گیا جس کی صدارت رانا فرمان خاں نے کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھٹہ مالکان گزشتہ 6ماہ سے کوئلہ کی قیمتوں میں اضافہ کا رونا رو رہے ہیں مگر حکومت نے ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔

ایک بھٹے پر 2ہزار سے زائد مزدور کام کرتے ہیں اور دونوں سکٹرز میں 60سے زائد بھٹے ہیں، ہزاروں مزدوروں کے بے روزگار ہونے کی ذمہ دار حکومت اور کوئلہ مافیا ہو گا۔

بھٹوں پر 10دنوں کا کوئلہ موجود ہے وہ جلائیں گے اس کے بعد نئے آرڈرز روک دیئے گئے ہیں، جب تک حکومت کوئلہ کی قیمت کم کر کے اسے مناسب سطح پر فکس نہیں کرتی اس وقت تک بھٹے اب بند رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بھٹہ مالکان پر امن لوگ ہیں اورمذاکرات کے ذریعے ہی اپنے مطالبات کے حل کے لئے کوشش کرتے رہے ہیں مگر اب حکومت نے انہیں سڑکوں پر آنے پر مجبور کر دیا ہے۔