سی این جی اسٹیشنز کی بندش: سی این جی ایسوسی ایشنز کاعدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

282

کراچی:سی این جی ایسوسی ایشنز نے سندھ و بلوچستان میں ڈھائی ماہ کیلئے سی این جی اسٹیشنز کی بندش کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ طویل گیس بندش کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کی بھی دھمکی دی ہے

کراچی پریس کلب میں آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن اورسندھ سی این جی ایسوسی ایشن کی مشترکہ پریس کانفرنس ہوئی جس میں سمیر گلزار، ڈاکٹر پرشوتم،شعیب خان جی،سمیر نجمل حسین،روشن لال ودیگرشریک تھے۔

اس موقع پر آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین سمیر گلزار نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے سی این جی اسٹیشنز کو ڈھائی ماہ کیلئے گیس بند کردی گئی ہے جبکہ سندھ کے 90 فیصد سی این جی اسٹیشنز آر ایل این جی پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر گھریلو صارفین قدرتی گیس پر ہیں تو انکا ہم سے کوئی تعلق نہیں،سی این جی اسٹیشنز کی ضرورت محض 12 سے 15 ایم ایم سی ایف ڈی ہے،گذشتہ 19 برس میں کبھی بھی اس قدر طویل عرصے کیلئے سی این جی بند نہیں کی گئی۔

حکومت کو راتوں رات ہماری گیس بندش کا اختیار نہیں ہے،ہمیں ایک سال قبل آر این جی پر منتقل کیا جاچکا ہے مگر ہمیں گیس نہیں دی جارہی ہے اورایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سی این سیکٹر کو تباہ کیا جارہا ہے،ہم مسلسل ایم ڈی ایس ایس جی سی سے ملاقات کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر پرشوتم کا کہنا تھا کہ 15روز قبل سوئی سدرن حکام نے کہا کہ آر ایل این جی ہمارے پاس نہیں ہیں،اب ہم ہائیکورٹ میں سول پٹیشن فائل کررہے ہیں،کراچی کے علاوہ صوبے کے دیگر شہروں میں ہم سی این جی اسٹیشنز چلائیں گے،ایم ڈی سوئی سدرن کو حالات کا شاید پتہ ہی نہیں ہے۔