شاہراہوں کی توسیع سے بلوچستان کے عوام خوشحال ہونگے، قاسم سوری

44

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بلوچستان میں روڈ منصوبوں خصوصاً چمن کوئٹہ اور کوئٹہ کراچی سڑک میں توسیع کرنے کیلیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے جس سے بلوچستان ترقی کی منازل طے کرے گا اور یہاں کے
عوام بھرپور طور پر مستفید ہوں گے۔ کوئٹہ مغربی بائی پاس کے 2 رویہ اور توسیعی منصوبے کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ان شاہراہوں کی توسیع سے بلوچستان کے عوام خوشحال ہوں گے اور ان کو ترقی کے نئے مواقع میسر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی علاقے کی ترقی کیلیے شاہراہوں کی پختگی کا اہم کرادار ہوتا ہے، ہمارے راستے جتنے پختہ ہوں گے، عوام کیلیے اتنی ہی آسانیاں پیدا ہوں گی اور ہمارے علاقے کے پھل اور دیگر اجناس بروقت بڑی منڈیوں تک پہنچیں گے۔ ماضی میں بلوچستان کی قومی شاہراہوں بالخصوص کوئٹہ کراچی شاہراہ کو 2 رویہ کرنے پر توجہ نہیں دی گئی لیکن جس تندہی سے اس منصوبے کیلیے موجودہ حکومت اقدامات کر رہی ہے جلد ہی یہ روڈ 2 رویہ ہوجائے گا۔