میئر کا انتخاب پہلے شو آف ہینڈ اب خفیہ رائے شماری سے ہوگا، مصطفی کمال

217

کراچی(آن لائن) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر اور انگریز نے مقبوضہ برصغیر میں اتنے مظالم نہیں کیے جتنے پیپلز پارٹی کی تعصب زدہ حکومت سندھ اور اس کے دارلخلافہ کراچی پر کر رہی ہے۔ میئر کا انتخاب پہلے شو آف ہینڈ جبکہ اب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔ جس ملک میں سینیٹر بکتے ہیں وہاں کونسلر بھی بکیں گے۔ بلدیاتی سیاہ قانون پاکستان کے خلاف پیپلز پارٹی کی سازش ہے، لوگوں کو ریاست سے بدظن کر کے دہشتگرد بنا رہی ہے۔ ریاست پیپلز پارٹی کو روکے ورنہ جن لوگوں کو دیوار سے آج لگایا جا رہا ہے وہ کل ہتھیار اٹھا سکتے ہیں۔ جس سے ملک دشمن عناصر مضبوط ہونگے۔ اس لیے اب پیپلز پارٹی انتظامی
مسئلہ نہیں بلکہ نیشنل سیکورٹی کا مسئلہ بن چکی ہے۔ پاک فوج میں افسران اور جوانوں کی شہادت کا تناسب دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ ہمارے فوجی جوانوں نے جانوں کے نذرانے دے ملک کو دہشتگردوں سے پاک اس لیے نہیں کیا تھا کہ پیپلز پارٹی یہاں نئے دہشتگرد بنائے۔ ہزاروں بچے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں یتیم ہوگئے۔ فوج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانی چاہیے۔ ہم ریاست کے وفادار ہیں حکومت کے نہیں، ریاست ہماری ہے اور ہم اس کا دفاع کریں گے۔