مسائل جمہوری انداز میں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ظہور بلیدی

209

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت گوادر کے مسائل حل کرنے کیلیے سنجیدہ ہے، تمام معاملات کو جمہوری انداز میں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بارڈر ٹریڈ میں آسانیاں پیدا کرنے، مچھلیوں کے غیر قانونی شکار/ ٹرالنگ، غیر ضروری چیک پوسٹوں، گوادر میں شراب خانوںکی بندش و دیگر مطالبات پر عمل درآمد جاری ہے، سندھ حکومت کے ساتھ رابطہ کرکے وائر نیٹ پر پابندی لگائی جائے گی،
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ سے درخواست ہے کہ وہ مذاکرات کا راستہ بند نہ کریں ہمارا اور ان کا مقصد عوامی مسائل کو حل کرنا ہے۔ گزشتہ روز کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میر ظہور بلیدی نے کہا کہ گوادر میں مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے دھرنا دیا ہے ان کے دھرنے سے قبل ہی حکومت نے ان کے تمام مطالبات پر من و عن عملدرآمد شروع کررکھا ہے، ہم نے مولانا کے ساتھ گفت و شنید کی ہے ان کے مطالبات عوامی اور جائز ہیں۔ حکومت ملنے کے ساتھ ہی جہاںڈیلیوری سروس میں کمی تھی اور کوتاہی نظر آئی وہاں تبدیلی لانے کی کوششیں شروع کی ہیں، مکران ڈویژن کے تمام ایم پی ایز نے تحریک عدم اعتماد میںبڑھ چڑھ کر حصہ لیا کیونکہ گزشتہ حکومت عوام کے توقعات پر پورا نہیں اتر رہی تھی، ہم نے تمام مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت بنائی۔