لانڈھی میں 2300 پلاٹس کا تنازع، عدم سنجیدگی پر عدالت برہم

259

 

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ ہائیکورٹ کی لانڈھی کاٹیج انڈسٹری کے 2300 پلاٹس کے تنازع پر سماعت، اداروں کی عدم سنجیدگی پر برہمی کا اظہا ر، ایڈووکیٹ جنرل کو جامع جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے این آئی سی ایل اسکینڈل میں سابق چیئرمین این
آئی سی ایل ایاز خان نیازی کی بریت کے خلاف نیب کی اپیل مسترد کردی، عدالت کاکہنا تھا کہ زمین کی قیمت کا تعین کرنے والی رپورٹ اور گواہوں کے بیان میں تضاد ہے، ریفرنس کے شواہد بھی قانون کے مطابق پیش نہیں کیے گئے۔ سندھ ہائیکورٹ میں کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک کے 4 ہاتھیوں سے متعلق سماعت، درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ جمع کرادی، ہاتھیوں کی صحت اچھی نہیں، مناسب دیکھ بھال اور علاج کی ضرورت ہے، بیماریاں جان لیوا بن سکتی ہیں، عدالت نے تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کیلیے 3 ہفتے کی مہلت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے لانڈھی کاٹیج انڈسٹری کے 2300 پلاٹس تنازع سے متعلق سماعت کے دوران الاٹمنٹ کے بعد منسوخی اور معاملات میں عدم سنجیدگی پر اظہار برہمی کیا، جسٹس فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیے کہ ملکی معیشت ویسے ہی مشکل میں ہے اگر 2300 متاثرین کو واجبات دینا پڑے تو کتنا نقصان ہوگا؟ کے ایم سی کو لیز دینے کے بعد منسوخی کیسے ہوسکتی ہے؟ بادی النظر میں کیس بنتا ہے، اداروں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، آئندہ سماعت پر تمام فریقین بھی جامع جواب جمع کرائیں۔ علاوہ ازیں کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں رکھے گئے 4 ہاتھیوں سے متعلق درخواست کی سماعت پر جرمن ڈاکٹر فرینک گورٹز عدالت میں پیش ہوئے، کے ایم سی کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ہاتھیوں کا معائنہ ہوچکا ہے۔ وکیل نے بتایا کہ معائنے کے وقت چڑیا گھر کے ذمے دار بھی موجود تھے، تفصیلی رپورٹ کے لیے کچھ وقت درکار ہے، ڈاکٹر فرینک نے کہا کہ تفصیلی رپورٹ کیلیے 2 ہفتے کی مہلت دی جائے، میں کل پاکستان سے واپس جارہا ہوں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فرینک تفصیلی رپورٹ بذریعہ ای میل ارسال کریں گے، عدالت نے سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کردی۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جرمن ڈاکٹر نے چاروں ہاتھیوں کو مجموعی طور پر صحت مند قرار دیا، سفاری پارک کے 2 ہاتھیوں ملکہ اور سونو کا وزن زیادہ ہوچکا، دونوںکو پاؤں کا انفکیشن ہے، مسلسل کھڑے رہنے کے باعث پاؤں میں تکلیف ہے، چڑیا گھر کے ہاتھی نور جہاں اور مدھو بالا کے دانتوں میں انفیکشن ہے، تمام ہاتھیوں کا وزن قدرے زیادہ اور جسم میں ورم کی علامات ہیں، ہاتھی ”سونو” کو میل بتایا گیا جو کہ فیمیل ہے، سفاری پارک میں دونوں ہاتھیوں کو غذائی مسائل کا سامنا ہے، دونوں ناخن زیادہ بڑھے ہوئے ہیں، فوڈ پیڈ، پھوڑے بھی تھے، چڑیا گھر میں دونوں ہاتھیوں کو دانتوں کے شدید مسائل ہیں، ہاتھیوں کے پیروں کو فوری اور مناسب دیکھ بھال کی ضرورت ہے، علاج کے ساتھ خراب اور متاثرہ دانتوں کو ہٹانا ضروری ہے، سرجری کے ذریعے دانتوں کو ہٹایا جاسکتا ہے، تشنج، دیگر جراثیم اور بیماریوں سے بچائو کی ویکسینیشن لازمی ہے، پاؤں اور دانتوں کی بیماریاں جان لیوا بن سکتی ہیں، ہاتھیوں کو مطلوبہ سہولیات اور ماحول دینا ضروری ہے، ہاتھیوں کیلیے فوڈ کیئر پروگرام کی ضرورت ہے، ہاتھیوں کو جسمانی اور ذہنی طور پر متحرک کرنے کیلیے اقدامات کی ضرورت ہے۔