پی پی وفاقی جماعت ہے ، چاروں صوبوں کے عوام اسکے ساتھ ہیں

127

حیدرآباد(اسٹاف رپروٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہاہے کہ پشاو رمیں پیپلزپارٹی کے پاور شو سے گھبراکر حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اس کے باوجود پیپلزپارٹی کا عظیم الشان تاریخی جلسہ ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی پیپلزپارٹی کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس سے حکومت کی چولیں ہل گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی وفاقی جماعت ہے اور چاروں صوبوں کے عوام اس کے ساتھ ہیں ، ماضی میں ایک منصوبے کے تحت پیپلزپارٹی کو محدود کرنے کی کوشش کی گئی لیکن بلاول بھٹو کی قیادت میں اب یہ قافلہ آگے بڑھ رہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں ایک بار پھر پیپلزپارٹی کی حکومت ہوگی اور ملک کے غریب عوام کو اُن کے حقوق مل سکیں گے کیونکہ پیپلزپارٹی غریبوں، مزدوروں اور ہاریوں کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ غریب مزدوروں اور ہاریوں کے حقوق ومفادات کا تحفظ کیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ملک کے غریب عوام ہمیشہ پیپلزپارٹی کو ووٹ دے کر اس کے نمائندوں کو بھاری اکثریت سے ایوانوں میں پہنچاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں پیپلزپارٹی کے وزیراعظم اور وزراء پر یہ الزام لگائے گئے کہ انہوں نے لوگوں کو ملازمت دی ہیں پیپلزپارٹی اس الزام کو ہمیشہ اپنے لئے اعزاز سمجھتے رہی ہے کیونکہ روزگار دینا پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اب بھی جس طرح پیپلزپارٹی عوامی مقبولیت حاصل کررہی ہے اقتدار میں آکر پھر غریب عوام کو روزگار دے گی۔