لاڑکانہ ،موٹرسائیکل بھینس سے ٹکرا گئی،خاتون جاں بحق

294

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) دادو کے قریب تیز رفتار موٹرسائیکل کا بھینس سے ٹکر کے نتیجے میں تحصیل کنگری کے گاؤں حاجی عبداللہ ناریجو کا رہائشی موٹرسائیکل سوار نوجوان جمیشہ اور ان کی ضعیف والدہ مکھن خاتون شدید زخمی ہوئے جنہیں آس پاس کے لوگوں نے تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں دوران علاج ضعیف خاتون زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئیں جبکہ زخمی نوجوان کو طبی امداد دی گئی۔ اس موقع پر متوفی خاتون کے ورثا نے بتایا کہ نوجوان اپنی والدہ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گاؤں عزت کی وانڈ جارہے تھے کہ دادو روڈ پر بھینس اور موٹرسائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں وہ حادثات کا شکار ہوئے ہیں، دوسری جانب متوفی خاتون کی نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری و مطلوب 5 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور چوری شدہ سامان برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔ دڑی پولیس نے اتاترک ٹاور سے مطلوب ملزم آصف شیخ کو ریوالور اور گولیوں سمیت، تعلقہ پولیس نے مری چوک سے چوریوں اور پولیس مقابلوں جیسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری ملزم خادم ولد حاکم میرجت کو، مددگار بیس ون نے تھانہ مارکیٹ میں اشتہاری ملزم جام ولد پیرل خروس کو، تعلقہ پولیس نے رتوکوٹ سے اشتہاری ملزم شیرل عرف شیرو ولد محمد عرف عبداللطیف بلہڑو کو، دڑی پولیس نے اولڈ ٹینک چوک سے ملزم صدام ابڑو کو ہیروئن کی چالیس پڑیوں سمیت گرفتار کرلیا، دوسری جانب ڈوکری پولیس نے شہری عمران سومرو کی دکان سے چوری ہونے والا سامان بھی برآمد کرکے اصل مالک کے حوالے کردیا ہے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔