پیپلزپارٹی پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے

243

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف ضلعی صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سیاسی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہی ہے ۔ ہمارے کارکنوں کو صرف اس لیے کام کرنے سے روکا جارہا ہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور پیپلزپارٹی جوکہ اب وڈیروں، جاگیرداروں کی جماعت بن چکی ہے وہ اپنی سیاسی حیثیت کھوتی جارہی ہے اس لیے پی ٹی آئی کے کارکنوں اور عہدیداروں کو کام کرنے سے روکنے کیلیے ہمارے کارکنان کیخلاف جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں انہیں ہراساں کیا جارہا ہے ، ان کی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔سانگھڑ میں سخاوت علی راجپوت کا قتل اس کی واضح مثال ہے جو اپنے علاقے کے ہردلعزیز شخصیت تھے اور انہوں نے وہاں پی ٹی آئی کو مضبوط بھی کیا ۔ انہوں نے کہاکہ آج سندھ دیگر جماعتوں کیلیے نو گو ایریا بنادیا گیا ہے ۔ پیپلزپارٹی جوکہ سندھ تک محدود ہوگئی ہے اب وہ سندھ سے بھی ختم ہورہی ہے کیونکہ سندھ کے عوام اس جماعت نے کچھ نہیں دیا سوائے لوٹ مار کے ۔ غریب عوام آج بھی بھوک و بدحالی کا شکار ہے ، علاج اور تعلیم کی سہولیات سے محروم ہے ان کے نام پر وڈیرے، جاگیردار، ایم این اے، ایم پی اے اور بااثر شخصیات اربوں روپے کی لوٹ مار میں ملوث ہے ۔ان کے مقدمات نیب میں چل رہے ہیں اور کئی افراد کے نام ای سی ایل میں بھی شامل ہیں۔